سندھ کو پاکستان سے چھین لینا چاہئے۔ یوگی آدتیہ ناتھ
بھارتی ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا کہنا ہے کہ اگر ایودھیا میں رام جنم بھومی کو 500 برسوں کے بعد مسلمانوں سے واپس لیا جا سکتا ہے، تو پھر ایسی کوئی وجہ نہیں ہے کہ بھارت ’سندھو‘ یعنی پاکستان کے صوبہ سندھ کو واپس نہ لے سکے۔ اس سے قبل بھارتی وزیر دفاع نے بھی پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کو بھارت میں ضم کرنے کی بات کی تھی۔
ریاست اتر پردیش میں ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہے اور اس جماعت میں اتر پردیش ریاست کے وزیر اعلیٰ کو سب سے سخت گیر ہندو رہنما مانا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا، ’’اسی مقصد کے لیے سندھی برادری کو اپنی موجودہ نسل کو اپنی تاریخ اور وراثت کے بارے میں بتانے کی ضرورت ہے۔ اگر انہیں اپنی تاریخ اور بزرگوں کے بارے میں یہ علم ہو گا کہ ان کی اصل سرزمین کیا تھی، تو انہیں اس کے حاصل کرنے میں بھی کبھی نہ کبھی کامیابی ضرور ملے گی۔‘


