افغانستان میں طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے جنگجوؤں نے وادی پنجشیر پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پیر کی صبح طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ پنجشیر کی وادی کو ’مکمل فتح‘ کر لیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اس فتح کے ساتھ ہمارے ملک سے جنگ کا مکمل خاتمہ ہو گیا ہے۔‘
طالبان کے ترجمان نے کہا کہ ’پنجشیر کے شہری ہمارے بھائی ہیں ان کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی جائے گی۔‘
آزاد ذرائع سے طالبان کے ترجمان کے اس دعوے کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
قبل ازیں اتوار کی شام ایک فیس بک پوسٹ میں وادی پنجشیر میں مزاحمت کرنے والے احمد مسعود نے کہا تھا کہ وہ لڑائی ختم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل کی علما کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے لکھا تھا کہ ’نیشنل ریزسٹنس فرنٹ موجودہ مسائل کو حل کرنے، لڑائی کو فوری طور پر ختم کرنے اور مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کرتی ہے۔‘

ایک تبصرہ شائع کریں